فیس بک امریکا میں ایک درس گاہ کے لونڈے لونڈیوں نے ہفتے کو دو چار بار پارٹی کرنے اور چھپ چھپا کر آپس میں استادوں کی نقل اتارنے، رومانس کرنے یا نوٹس ووٹس دینے دلانے کے لیے بنایا تھا۔ پھر دوسرے گروپ بھی فرینڈز ریکویسٹیں بھیجنے لگے اور جب یہ پلیٹ فارم بنانے والے نے معاملہ پھیلتا دیکھا تو سوچا کہ آنے دو جاتا کیا ہے۔
فیس بک دھیرے دھیرے پھیلتا چلا گیا اور پھر ایک دن اس حرام خور نے پاکیزہ مسلم معاشرے میں جگہ لے لی۔ اب ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس پر جمعہ مبارک کے خوش کن خط میں لکھے مراسلات ہر دیوار پر دکھائی دیتے یا حج اور عمرے پر جانے والے اپنے والدین کے لیے دوستوں سے دعا کی درخواست کی جاتی یا تلاوت کرتی کسی بچی کی تصویر آویزاں کر کے لائک اور کمنٹ کا مطالبہ کیا جاتا اور شیطان کے بہکاوے میں آئے بغیر ایسی تحریریں اور تصویریں آگے بڑھائی جاتیں۔ یا زلیخا سے نہایت نجی تصاویر کا مطالبہ کر کے مسرت کا سامان ہوتا، مگر ہوا یہ کہ موئے آزاد خیال اس فیس بک میں آن گھسے۔ صاحب بنائی جس نے بھی ہو اور جس بھی مقصد کے لیے ہو، مگر اب تو ہم نے بسم اللہ پڑھ کر آئی ڈی بنا ڈالی ہے۔ اب یہاں میرے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی کوئی بات ہوئی یا کوئی تحریر میرے نظریے کے خلاف مجھے دکھائی دی تو میں ماضی کی طرح قانون اپنے ہاتھ میں لے لوں گا۔ اب تو قاضی صاحب نے بھی آبدیدہ آنکھوں سے کہہ دیا ہے کہ جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے، جبھی تو گلی گلی میں ممتاز قادری پیدا ہوتے ہیں۔ اور پاکستان ہی میں نہیں اگر کسی نے کافروں کے ملک میں بیٹھ کر بھی کچھ لکھا تو میں وزیرِداخلہ چوہدری نثار سے کہہ کر انٹرپول میں رپٹ کرا لوں گا۔ اب کوئی جمیل ہو یا جیمز پوری دنیا سے لوگوں کو انٹرپول کے ذریعے پکڑ پکڑ کر پاکستان بھیجا جائے گا اور پوسٹ لکھنے پر سزائے موت دی جائے گی۔ یہ کوئی بات ہے کہ میں نے اتنے پیار سے اپنی آئی ڈی بنائی ہے اور یہاں میرے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔
فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس کو استعمال کرنا ہے تو میری بات سب کان کھول کر سن لیں۔ کسی نے میری سوچ کے خلاف کوئی بات لکھی، میری عقل مخصوصہ کو توہین معلوم ہوئی یا کسی بات سے میرے نازک جذبات کو چوٹ پہنچی تو میں فیس بک بند کروا دوں گا۔ ہر طرح کے مشکل اور فلسفیانہ سوالات سے دوری اختیار کی جائے بلکہ بہتر ہے کوئی بھی سوال نہ ہو۔ پاکستان، پاکستان کی کسی پالیسی، مذہبی فکر، فرقہ واریت، مسلک، ریاست یا ریاستی اداروں بہ شمول پاکستان کی مسلح افواج کے عظیم جرنیلوں یا ماضی کے فوجی آمروں پر بھی بات سے گریز کریں۔ ورنہ برات واپس جائے گی۔
فیس بک کسی علمی بحث کی جگہ ہے کیا؟ فیس بک اس لیے تھوڑی بنا تھا؟ پھول بوٹے والی شاعری بناؤ، عید شب برات کی تصویر لگا کر لائک شائک کرواؤ، یہ کیا ہر وقت سیاست، ہر وقت فلسفے والی مشکل باتیں اور سوال۔ چوہدری صآحب نے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ فیس بک پر اب وہ پیج چلیں کے جنہیں حکومت پاک صاف قرار دے دے گی۔
اب بول کے دکھاؤ، چوہدری صاحب فیس بک بند کرا دیں گے۔ یوٹیوب بھی تو بند رہا، ابھی وہاں گستاخی والا مواد جوں کا توں ہے مگر اب میں دیکھتا نہیں ہوں نا۔
آپ میری پوسٹ لائک کر کے شئیر کرنے لگیں گے تو شیطان آپ کو روکے گا مگر شیطان کے بہکاوے میں آئے بغیر اسے آگے بڑھا دیں، اگلے سات روز کے اندر اندر آپ کو ایک بڑی خوش خبری ملے گی۔
You are here