چودہ دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پہاڑی “دا ویسٹ ہل” بھی بنائی جارہی ہے
این آر ایم اے انشورنس کے تعاون سے ویسٹرن آسٹریلیا کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ہر ٹیسٹ میچ اب “دا ویسٹ ٹیسٹ” کے نام سے کہلایا جائے گا، جس کا اطلاق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ پہلے ہی باکسنگ ڈے ٹیسٹ جبکہ تیسرا میچ سڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔
شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول اور نظارہ فراہم کرنے کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی بنائی جا رہی ہے جسے “دا ویسٹ ہل” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی تاریخی واکا اسٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ فراہم کرے گی، یہاں ۵۰۰ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ “دا ویسٹ ہل” پر فیملیز کے بیٹھنے اور بچوں کے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جوئیل موریسن، جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز کرکٹ آسٹریلیا
جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز کرکٹ آسٹریلیا جوئیل موریسن کا کہنا ہے کہ “دا ویسٹ ٹیسٹ” اور “دا ویسٹ ہل” نہ صرف شائقین کرکٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا ایک شاندار تجربہ دیں گےبلکہ آسٹریلین سمر آف کرکٹ کو بھی ایک نئی جدت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد گزشتہ سال آسٹریلیا مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان نے آسٹریلیا اور پاکستان کی تاریخی رائیولری کو دوبارہ زندہ کردیا ہے لہذا “دا ویسٹ ٹیسٹ” سے متعلق اعلان کا یہ موزوں وقت ہے۔
کرسٹینا میتھیوز، چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹرین آسٹریلیا
سی ای او ڈبلیو اے کرکٹ کرسٹینا میتھیوز کا کہنا ہے کہ “دا ویسٹ ٹیسٹ” ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہے کیونکہ اس سے ان کا شاندار اسٹیڈیم اور یہاں کی سہولیات دنیائے کرکٹ تک پہنچیں گی۔ وہ آئندہ سالوں میں بھارت اور انگلینڈ کی آمد کے موقع پر ویسٹ ٹیسٹ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔